نئی دہلی (یو این آئی) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے راہول دراوڑ کو ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ بنے رہنے کی تجویز پیش کی ہے۔حال ہی میں ختم ہونے والی ورلڈ کپ مہم کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم کے کوچ راہول دراوڑ کا دو سالہ دور ختم ہوگیا۔ اس طرح کی اطلاعات ہیں کہ بی سی سی آئی نے ایک بار پھر راہول دراوڑ کو اگلے سال جون میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ تک کوچ بنے رہنے کی تجویز دی ہے لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کوچ رہیں گے یا پھر ٹیم کو نیا کوچ ملے گا۔
اگر دراوڑ اس تجویز کو قبول کرتے ہیں تو ان کی دوسری مدت کار میں پہلا دورہ جنوبی افریقہ کا ہوگا جہاں 10 دسمبر سے سفید گیند کا میچ شروع ہوگا۔ اس دورے میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچ ہوں گے۔ اس کے بعد پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے اور دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری سے کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے ہندوستان اپنے گھر پر انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گا۔
اگر دراوڑ اس تجویز کو قبول کرتے ہیں، تو خیال کیا جاتا ہے کہ سپورٹ اسٹاف بھی وہی رہے گا، وکرم راٹھور بیٹنگ کوچ، پارس مہمبرے باؤلنگ کوچ اور ٹی دلیپ فیلڈنگ کوچ ہوں گے۔
خیال ر ہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کے بعد دراوڑ نے کہا تھا، “میں نے اس کے بارے میں نہیں سوچا ہے۔ میرے پاس وقت نہیں تھا، وقت ملنے پر سوچوں گا لیکن اس وقت میری پوری توجہ ورلڈ کپ مہم پر ہے۔ میں نے مستقبل کے بارے میں بالکل نہیں سوچا ہے۔‘‘