جئے پور7مارچ(پریس ریلیز)محمدی پیلس، جے پور میں ڈاکٹر محمد شمیم خان، ایم ڈی (یونانی میڈیسن)، سینئر یونانی میڈیکل آفیسر، گورنمنٹ یونانی ڈسپنسری، نارتھ کوٹہ کی تحریر کردہ کتاب’’رہبرِ معالجات و علاج بالتدبیر‘‘ کا رسم اجرا وزارت آیوش حکومت راجستھان کے خصوصی صلاح کار ڈاکٹر شوکت علی انصاری کے دست مبارک سے اجراء عمل میں آیا۔ کتاب کا اجرا کرتے ہوئے ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ یہ کتاب یونانی طب کے طلبہ، ڈاکٹروں، اساتذہ، طبی ماہرین کے لیے بہت مفید ہے۔ یہ کتاب ڈاکٹرمحمد شمیم خان نے بہت محنت اور لگن سے لکھی ہے، میں اس بہترین کام پر انہیں داد تحسین اور تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اس کتاب کے مصنف ڈاکٹر محمد شمیم خان نے بتایا کہ’’رہبرِ معالجات و علاج بالتدبیر‘‘ تازہ ترین و جدید ایڈیشن ہے جو مئی 2022 کے مہینے میں ہدایت پبلشر اینڈ ڈسٹری بیوٹرز نئی دہلی سے شائع ہوئی ہے۔ اس کا پہلا ایڈیشن 2009 میں "رہبرِ معا لجات” کے نام سے ادارہ کتاب الشفا نئی دہلی سے شائع ہوا تھا۔ یہ کتاب فن معالجات یعنی علاج و معالجہ کے موضوع پر سہل الفہم اور آسان اردو زبان میں لکھی گئی ایک جامع اور عمدہ گائیڈ ہے جو پچھلے 14 سالوں سے پوسٹ گریجویٹ یونانی میں داخلے کے لیے یونانی طلباء میں بہت ہی مقبول و معروف ہے اور انکی پہلی پسند بنی ہوئی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمود احسن صدیقی (ڈپٹی ڈائریکٹر یونانی میڈیسن ڈپارٹمنٹ، راجستھان)، ڈاکٹر نثار احمد خان (سینئر یونانی میڈیکل آفیسر، گورنمنٹ یونانی ہسپتال، توڈابھیم)، ڈاکٹر انیس الرحمن (سینئر یونانی میڈیکل آفیسر، آیوروید رساین شالا، اجمیر)، ڈاکٹر شمس الحسن طارق، (سینئر یونیانی میڈیکل آفیسر، مجاز پور، بھرت پور) اور سماجی کارکن منا بھائی (جے پور) موجود رہے۔