اٹاوہ:03مارچ(یواین آئی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) جنرل سکریٹری شیوپال سنگھ یادو نے دعوی کیا ہے کہ این ڈی اے کا دہلی اقتدار میں واپسی نا ممکن ہے۔اپنے آبائی ضلع اٹاوہ میں چوگرجی واقع رہائش گاہ پر بدھ کو میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں انڈیا اتحاد بی جے پی کو بری طرح سے شکست دے رہا ہے جس کی وجہ سے مرکز میں این ڈی اے کی اب واپسی کی کوئی امید نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کے اشارے پر اپوزیشن لیڈروں کے خلاف جس طرح سے ای ڈی اور سی بی آئی کے سہارے جیل بھیجنے کی کاروائی کی جارہی ہے اس سے این ڈی اے اتحاد کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی اشتعال سارے ملک میں پھیلا ہوا ہے۔ یہی عوامی اشتعال این ڈی اے اتحاد کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لئے کافی سمجھا جارہا ہے۔
یادو نے اپنے بیٹے آدتیہ یادو کے بدایوں پارلیمانی سیٹ سے انتخابی میدان میں اترنے کے سوال پر کہا کہ بدایوں کی عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوان لیڈر چاہئے۔ عوام کے مطالبے کو ملحوظ رکھتے ہوئے پارٹی کے سربراہ کو پیغام بھیج دیا ہے۔ حالانکہ فی الحال بدایوں سے وہ خود ہی انڈیا اتحاد کے امیدوار ہیں لیکن عوام کو مطالبے کاپورا حق ہے۔اور ظاہر ہے عوام نے جو مطالبہ کیا ہے اس پر اب ایس پی سربراہ کو فیصلہ لینا ہے۔
ایس پی سے ناراض چل رہی ایم ایل اے پلوی پٹیل کے پی ڈی اے ایم فارمولہ لے کر انتخابی میدان میں اترنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کو ایسا نہیں کرنا چاہئے جس سے لوگوں کو لگے کہ وہ بی جے پی کی مدد کررہی ہیں۔قنوج پارلیمانی سیٹ سے پارٹی کے امیدوار کے اعلان نہ ہونے کے سوال پر شیوپال نے کہا کہ قنوج سے سماج وادی پارٹی ہی جیتے گی یہ سیٹ ملائم سنگھ یادو(نیتا جی) کی سیٹ رہی ہے۔ اور اب ایس پی پوری مجبوطی کے ساتھ قنوج پارلیمانی سیٹ پر انتخابی میدان میں اترے گی اور جیت بھی حاصل کرے گی۔انہوں نے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر سوال کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ یوگی حکومت میں پولیس تحفظ میں لگاتار قتل کے واردات ہورہے ہیں۔ جیلوں میں قتل ہورہا ہے۔ پوری طرح سے بی جے پی اقتدار میں نظم ونسق نیست و نابوچ ہوچکا ہے۔