ریسرچ اسکالر محترمہ صبا ارشاد انصاری نے مقالہ پیش کیا
علی گڑھ،:شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں ہمارے مکالمے اوربیانیے سماجی علوم کومخاطب کرنے والے ہونے چاہئیں۔ سورہ نور آیت ۳۵ ؍اور سورہ بقرہ آیت ۲۵۵ میں بالترتیب ’’مشکوٰۃ‘‘ اور ’’کرسی‘‘ کی تمثیلات بیان ہوئی ہیں۔ ان اعجاز قرآنی کوسوشل سائنس کے تناظر میں اگر دیکھیں توصاف محسوس ہوگا کہ سورہ نور میں یہ تمثیل عائلی قوانین اور معاشرتی احکام کے ضمن میں پیش کی گئی ہے جب کہ سورہ بقرہ میں ’’کرسی‘‘کی تمثیل،یہودو نصاریٰ کے ساتھ انٹرفیتھ ڈائیلاگ کے ضمن میں ہے۔ چنانچہ ہمارا بیانیہ صرف تھیالوجیکل اور دینیاتی نہیں ہونا چاہیے بلکہ توحیدی ویژن کی اثر پذیری نمایاں ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار یکم فروری کو پروفیسر عبیداللہ فہد نے شعبۂ اسلامک اسٹڈیز میں ریسرچ اسکالرس ایسوسی ایشن کے تحت منعقدہ سلسلہ خطبات میں صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے مقالہ نگار محترمہ صبا ارشاد انصاری کو مبارک باد پیش کی۔
مقالہ نگار نے ’’توحیدی ورلڈویو: تعارف اور اثرات‘‘ کے عنوان سے اپنا مقالہ پیش کیا۔ وہ ترکی دانش ور سعید نورسی (م:۱۹۶۰ء)کے حوالے سے معاصر علم کلام پر تحقیق کررہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سعید نورسی کا توحیدی تصور کائنات آفاقی ہے۔ اس تصور کے ذریعہ علوم کے مابین ایک اندرونی وحدت کی فضا قائم ہوتی ہے۔ علم کا ہر جزو ایک کل سے مستعار ومستفاد ہے۔ نالج کی تمام جزئیات آپس میں گندھی ہوئی ہیں۔ اس مضبوط ’حرفی تصور علم‘‘ کو عمل میں لانا چاہیے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب کہ علم کے اندر سیکولر نقطہ نظر سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ مقالہ نگار نے کہا کہ نورسی کے رولڈویو کا تقاضہ ہے کہ ہم اشیاء کی ماہیت کو سمجھنے کی کوشش کریں، اشیاء کی تکوین اور مقصد تخلیق کو سمجھنے کے نتیجے میں ہمارے اندر فروتنی اور انکساری کی صفات پیدا ہوں گی اور منکسرالمزاج مخلوق کی حیثیت میں، ہم دنیاوالوں کے سامنے ظاہر ہوسکیںگے۔ انھوں نے کہا کہ سیکولر ورلڈویو کے مقابلہ میں توحیدی ورلڈویو زیادہ جامع ہے، کیوں کہ یہ وحی الٰہی پر استوار ہے اس کی اثر پذیری اور اظہار زیادہ موثر اور جامع ہے۔
ایڈوائزر ایسوسی ایشن ڈاکٹر بلال احمد کٹی نے کہا کہ صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز پروفیسر عبدالحمید فاضلی کی قیادت میں ریسرچ وتحقیق سے وابستہ طلبہ وطالبات کی صلاحیتوں کواجاگر کرنے کے لیے اس علمی پلیٹ فارم کا احیاء کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ضیاء الدین فلاحی میڈیا انچارج شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے پروفیسر فاضلی کو اس علمی مذاکرے کے انعقاد کے لیے مبارک باد پیش کی۔ سکریٹری ایسوسی ایشن مسز فردوس اختر نے پروگرام کی نظامت کی ۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر آدم ملک خاں، ڈاکٹر اعجاز احمد، ڈاکٹر زبیر ظفراورڈاکٹر عرشی موجود تھے۔ پروگرام کا آغاز برادر محمد عادل کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔