نئی دہلی: کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کو بخار کی وجہ سے یہاں کے سر گنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق محترمہ گاندھی کو ہلکے بخار کی شکایت ہے اور ڈاکٹروں کے مشورے پر انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی صحت مستحکم بتائی جاتی ہے اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹر مسلسل ان کی صحت کی نگرانی کر رہے ہیں۔
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی رہنما کو اس وقت ہلکا بخار ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا جب وہ دو دن قبل ممبئی میں اپوزیشن جماعتوں ‘انڈیا’ کے اجلاس میں شرکت کے بعد یہاں پہنچی تھیں۔
محترمہ گاندھی کو بخار کی وجہ سے اس سال جنوری میں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس کے بعد انہیں 2 مارچ کو دوبارہ بخار ہونے پر گنگا رام اسپتال لے جایا گیا اور اب انہیں تیسری بار اسی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔گنگا رام اسپتال نے سونیا گاندھی کی صحت کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے۔ اسپتال نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سونیا گاندھی کو یہ مسئلہ کافی عرصے سے ہے اور انہیں معمول کے چیک اپ کے لیے داخل کیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سونیا گاندھی کو صحت کی خرابی کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہو۔ اس سال کے شروع میں بھی 3 مارچ کو سونیا گاندھی کو بخار کی وجہ سے سری گنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس دوران چیسٹ میڈیسن کے ڈاکٹر اروپ باسو اور ان کی ٹیم نے سونیا گاندھی کا علاج کیا تھا۔ اس دوران ان کے کئی ٹیسٹ بھی کئے گئے تھے۔
اس دوران اسپتال سے جاری بلیٹن میں بتایا گیا تھا کہ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی کو بخار کی وجہ سے سر گنگارام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کی حالت مستحکم ہے۔ وہیں، اس سال جنوری کے شروع میں بھی سونیا گاندھی کو وائرل انفیکشن کی شکایت کے بعد اسپتال میں داخل کرانا پڑا تھا۔ اس وقت راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کو درمیان میں چھوڑ کر اپنی والدہ کی عیادت کی تھی۔ اس دوران انہیں تقریباً ایک ہفتہ تک اسپتال میں رہنا پڑا تھا۔