حیدرآباد(ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک) بالی ووڈاداکارہ پوجا بھٹ نے’بھارت جوڑو یاترا‘میں حصہ لیتے ہوئے 10.5 کیلو میٹرکا ساتھ میں فاصلہ طئے کرتے ہوئے ملک سے نفرت کو ختم کرنے کی مہم میں حصہ لیا۔ بوئن پلی سے راہل گاندھی کی یاتراکے آغاز کے ساتھ ہی یاترا میں شامل ہونے والی اداکارہ پوجا بھٹ نے بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوتے ہوئے طویل مسافت طئے کی جس پر قومی سطح کی ایک خبررساں ایجنسی کی جانب سے ان کی راہل گاندھی کے ساتھ تصویر ٹوئیٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ پوجا بھٹ نے بھارت جوڑو یاترا میں مختصر حصہ لیا اور اس دوران انہوں نے راہل گاندھی سے بات کی جس پر پوجا بھٹ نے اسی ٹائم لائن پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ مختصر ملاقات اور یاترا میں حصہ لینا 10.5کیلو میٹر طویل تھا اور اس جواب کی کئی گوشوں نے زبردست پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ پوجا بھٹ نے بالی ووڈ کو نفرت کے مقابلہ کا پیغام دیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ دنوں میں ملک کی بقاء اور تحفظ کلئے مزید بالی ووڈ اداکار اور ہدایت کار جو ہندستان کے سیکولر ازم کے تحفظ اور دستور کی بالادستی کے قائل ہیں وہ بھی اس یاترا کا حصہ بنیں گے۔ پوجا بھٹ نے بوئن پلی میں یاترا کے آغاز پر اس کا حصہ بننے کے لئے پہنچی اور زائد از 10کیلو میٹر بھارت جوڑو یاترا کا حصہ بننے کے بعد وہ یاترا سے روانہ ہو گئیں۔
راہل گاندھی سے تلنگانہ میں یاترا کے دوران ملاقات کرنے والی یہ دوسری اداکارہ ہیں جنہوں نے بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کے ساتھ ساتھ عملی طور پر اس کا حصہ بنتے ہوئے سفر طئے کیا ۔ ٹوئیٹر پر پوجا بھٹ نے ملک کی سلامتی اور راہول گاندھی کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کو جوڑ رہے ہیں اور ہر ذمہ دار اور ذی شعور شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کوشش میں اپنا کردار ادا کرے۔ پوجا بھٹ کی جانب سے ٹوئیٹر پر خبررساں ایجنسی کی تصحیح کئے جانے پر کئی گوشوں نے ان کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔