ٹمکور، 16 اپریل (یو این آئی) جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔
مسٹر دیوے گوڑا نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا، "وزیر اعظم نے واضح کیا کہ آئین کو تبدیل کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مسٹر مودی نے واضح کیا کہ اگر امبیڈکر کا دوبارہ جنم بھی ہو جائے تو وہ اسے تبدیل کرنے پر غور نہیں کریں گے۔”
سابق وزیر اعظم نے ملک بھر میں کانگریس کی محدود موجودگی پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت صرف کرناٹک، ہماچل پردیش اور تلنگانہ تک محدود ہے۔ بی جے پی اور جے ڈی ایس کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔
جے ڈی ایس سربراہ کے بیٹے ایچ ڈی کمارسوامی نے منڈیا لوک سبھا حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ وہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
آزاد امیدوار سملتا ابنریش نے 2019 کے انتخابات میں منڈیا لوک سبھا سیٹ سے جے ڈی ایس لیڈر نکھل کمارسوامی کو شکست دی تھی۔ 2014 میں، جے ڈی ایس لیڈر سی ایس پٹراجو نے کانگریس کی رامیا کو شکست دی۔
کرناٹک میں لوک سبھا کی 28 سیٹوں کے لیے دو مرحلوں میں 26 اپریل اور 7 مئی کو انتخابات ہوں گے۔ ملک بھر میں انتخابات سات مرحلوں میں ہوں گے۔ انتخابات 19 اپریل کو شروع ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔